موساد کے لیے جاسوسی کرنے والے گروپوں کی تعداد 6 ہو گئی: ایرانی خبر ایجنسی
تہران( ہمگام نیوز ) ایرانی خبر ایجنسی ’’تسنیم‘‘ نے آج بروز منگل اپنے ایک نشریے میں بتایا ہے کہ ایرانی وزارت سلامتی نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے مزید دو سیلز گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق گزشتہ دسمبر میں تہران کی جانب سے 4 جاسوسی آپریشنز سیلز کو ختم کرنے کے اعلان کیا گیا تھا، اس طرح اسرائیلی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں پکڑے گئے سیلز کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ ان سیلز میں تہران، اصفہان، یزد، مغربی آذربائیجان اور گلستان کے صوبوں میں 23 آپریشنل اور سہولت کاروں کو پکڑا جا چکا ہے، ان میں سے 13 کو ملک کے اندر گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں گرفتار ہونے والے جاسوسوں کی قومتیں ظاہر نہیں کی گئیں۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ یہ جاسوس کن مبینہ سازشوں میں ملوث تھے۔
یاد رہے ایران گاہے بگاہے ایسے لوگوں کو حراست میں لینے کا اعلان کرتا ہے جو اس کے بہ قول امریکہ اور اسرائیل سمیت بیرونی ملکوں کے لیے جاسوسی کر رہے ہوتے ہیں۔ ان الزامات کی حمایت میں ثبوت فراہم نہیں کیے جاتے ـ


