شنبه, اکتوبر 12, 2024
Homeخبریںایران کی یورپی یونین کو پاسداران انقلاب کودہشت گرد قراردینے پرمساوی جواب...

ایران کی یورپی یونین کو پاسداران انقلاب کودہشت گرد قراردینے پرمساوی جواب کی دھمکی

تہران( ہمگام نیوز ) ایران نے یورپی یونین کوخبردارکیاہے کہ اگر اس نے سپاہِ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قراردیا تو وہ اس کے خلاف مساوی جوابی اقدامات کرے گا۔

ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ایرانی پارلیمان یورپی ممالک کی افواج کے عناصر کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے کام کررہی ہے‘‘۔

امیرعبداللہیان اور پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے اتوار کی صبح پارلیمنٹ کے بند کمرے کے اجلاس میں شرکت کی جس میں یورپی پارلیمنٹ کے اقدام پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ یورپی پارلیمنٹ نے خود ہی اپنے پاؤں میں گولی ماری ہے اور اس کو اس کے اقدام کےمساوی جواب دیاجائے گا۔

ایرانی پارلیمان کے اسپیکرمحمد باقرقالیباف نے بھی آج اسی طرح کااعلان کیا ہے کہ مقننہ “کسی بھی ایسے کسی اقدام کے خلاف فوری اور فیصلہ کن جواب دے گی جس کا مطلب پاسداران انقلاب کو پابندیوں کی فہرست یا دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ڈالنا ہوگا۔

قالیباف خود بھی پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈررہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ “یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہوں کی طرح تسلیم کرے گی اور انھیں دہشت گرد قرار دے گی‘‘۔

سپاہ پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے سربراہ میجرجنرل حسین سلامی نے بھی گذشتہ روز یورپی یونین کو خبردار کیا تھاکہ وہ اسے دہشت گرد تنظیم قرار دے کر کوئی ‘غلطی’ نہ کرے۔ انھوں نے یورپی یونین کے اقدام کے بارے میں کہا’’اگر یورپی غلطی کرتے ہیں توانھیں اس کے نتائج کو قبول کرنا ہوگا‘‘۔

یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے گذشتہ بدھ کوسپاہ پاسداران انقلاب کواس کی دہشت گردی کی سرگرمیوں، مظاہرین پر جبروتشدد اور روس کو ڈرونزمہیا کرنے پربلاک کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

یہ ووٹ غیرپابند ہے لیکن یورپی یونین کے وزرائے خارجہ پہلے ہی آیندہ ہفتے ایران پر پابندیوں کو سخت کرنے پر تبادلہ خیال کرنے والے ہیں۔

پاسداران انقلاب کی ذیلی نیم فوجی فورس بسیج کو ستمبرکے وسط سے 22 سالہ مہساامینی کی ہلاکت کے بعد ہونے والے مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤں کے لیے تعینات کیا گیاہے۔اس کی کارروائیوں اور تشدد کے دوسرے واقعات میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اورہزاروں کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔مہلوکین میں سکیورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سنہ 1979 کے انقلاب کے بعد تشکیل پانے والی سپاہ پاسداران انقلاب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے اوراس کی اپنی زمینی، بحری اور فضائی افواج ہیں۔امریکا پہلے ہی پاسداران انقلاب اوراس کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمے دارالقدس فورس کوغیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرچکاہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز