یوکرائن(ہمگام نیوز) ۔یوکرائنی فوج کی جانب سے اتوار کے روز کہا گیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقے میں گزشتہ شب فائربندی کا مکمل احترام کیا گیا، تاہم فوج کا کہنا ہے کہ روس نواز علیحدگی پسند اس فائربندی معاہدے کو فوج پر نئے حملوں کے لیے خود کو منظم کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ فوجی بیان کے مطابق ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ باغی حکومت کے زیرقبضہ علاقوں پر بڑے حملوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فریقین کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کو محاذ سے ہٹانے کے بعد مشرقی یوکرائن میں تشدد کے واقعات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ دو ہفتوں سے نافذالعمل اس فائربندی معاہدے کی کامیابی کے حوالے سے امیدوں میں اضافہ ہوا ہے۔