دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںبرطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد سابق رکن لارڈ نذیر احمد بچوں پر...

برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد سابق رکن لارڈ نذیر احمد بچوں پر جنسی حملے کے مجرم قرار

لندن (ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے برطانوی دارالامرا کے سابق پاکستانی نژاد رکن لارڈ نذیر احمد کو ستّر کی دہائی میں دو بچوں کے خلاف جنسی جرائم کا قصوروار پایا گیا ہے۔
لارڈ احمد آف روتھرہیم کو ایک لڑکے کے خلاف سنگین جنسی حملے اور ایک کمسن لڑکی کے ریپ کی کوشش کرنے کا مجرم پایا گیا.
برطانوی میڈیا کے مطابق شیفیلڈ کراؤن کورٹ کو بتایا گیا کہ سلسلہ وار جنسی حملے روتھرہیم میں تب ہوئے جب وہ ٹین ایجر تھے۔
اب 64 سال کے ہوچکے ہے نذیر احمد اپنے اصل نام سے عدالت میں پیش ہوئے اور خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔
جج مسٹر جسٹس لیوینڈر بعد میں فیصلہ کریں گے کہ لارڈ نزیر احمد کو کب سزا سنائی جائے گی۔ ٹرائل کے دوران وکیلِ استغاثہ ٹام لٹل نے عدالت کو بتایا کہ لارڈ احمد نے ستّر کی دہائی کے اوائل میں ایک لڑکی کے ریپ کی کوشش کی تھی جب وہ خود 16 یا 17 سال کے تھے مگر لڑکی اُن سے کمسن تھی۔
اسی عرصے کے دوران 11 سالہ لڑکے پر بھی جنسی حملہ ہوا۔ ٹام لٹل نے کہا کہ لارڈ نزیر احمد کا دعویٰ ہے کہ یہ الزامات انتہائی من گھڑت ہیں مگر سنہ 2016 میں دونوں متاثرین کے درمیان ہونے والی ایک ٹیلی فون گفتگو کی ریکارڈنگ سے معلوم ہوا کہ یہ من گھڑت واقعات نہیں تھے۔
جیوری کو بتایا گیا کہ خاتون کی کال مرد متاثرہ شخص کی ایک ای میل کے جواب میں ہوئی جس میں کہا گیا کہ اُن کے خلاف اُن کے پاس ثبوت موجود ہیں۔
لارڈ نزیر احمد پر اُن کے دو بڑے بھائیوں 71 سالہ محمد فاروق اور 65 سالہ محمد طارق کے ساتھ الزامات عائد کئے گئے تھے مگر بڑے بھائیوں کو ٹرائل کے لئے ان فٹ قرار دیا گیا۔
اُن دونوں کے خلاف اسی لڑکے پر ناشائستہ حملے کا الزام ہے جس کا استحصال لارڈ نزیر احمد نے کیا تھا۔ حالانکہ یہ دونوں افراد فوجداری ٹرائل میں نہیں تھے لیکن جیوری ثبوت سننے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ اُنھوں نے یہ کام کیا تھا۔
لارڈ نزیر احمد نے نومبر 2020 میں اس وقت استعفیٰ دے دیا تھا جب کنڈکٹ کمیٹی کی رپورٹ میں پایا گیا کہ اُنہوں نے خود سے مدد مانگنے والی ایک مجبور خاتون کا جنسی اور جذباتی استحصال کیا تھا۔ اُنھیں ایک ری ٹرائل کے بعد مجرم پایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز