پنجشنبه, جنوري 16, 2025
Homeخبریںبعض عناصر چاہتے ہیں پاکستان تمام سرحدوں پر الجھا رہے: وزیر خارجہ

بعض عناصر چاہتے ہیں پاکستان تمام سرحدوں پر الجھا رہے: وزیر خارجہ

اسلام آباد(ہمگام نیوزڈیسک) نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے پاکستان کے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں، کچھ عناصر چاہتے ہیں پاکستان بیک وقت تمام سرحدوں پر الجھا رہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر روزانہ سیز فائر کی خلاف ورزی ہو رہی ہوتی ہے، افغانستان کے ساتھ بارڈر پر باڑھ لگائی جا رہی ہے۔ ایران کے ساتھ بھی بارڈر سے متعلق ایسے ہی معاملات چل رہے ہیں۔ پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کی کوشش ہے پاکستان افغانستان اور ایران سے بھی الجھے، ایرانی وزیر خارجہ سے میری 4 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تربت میں نئے ہیڈ کوارٹر کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایران سرحد پر شرپسندی کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایران کے پڑوسی ممالک کے ساتھ اپنی نوعیت کے تعلقات ہیں۔ بقول ان کے حالیہ ایران کے دورے سے بہت فائدہ ہوا۔ دورے کی وجہ سے جو غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی تھیں ان کا تدارک ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ایک اغوا کاری واقعہ ہوا تھا جس میں ایرانی گارڈز کو اغوا کیا گیا تھا، پاکستان کی جانب سے ایرانی گارڈز کو بازیاب کروا کر حوالے کیا گیا۔ اسی طرح مکران کوسٹل ہائی وے اورماڑا پر واقعہ ہوا، پاکستان نے ایران سے تحقیقات میں مدد کی درخواست کی۔ ایران کی جانب سے پہلے سے زیادہ بھرپور تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کون سی قوتیں ایسے حالات پیدا کر کے فائدہ اٹھا رہی ہیں، ایسے حالات کا فائدہ ہمارے دشمنوں کو ہو رہا ہوتا ہے۔ ایسے حالات سے نمٹیں گے اور دشمن کے مقاصد کو خاک میں ملائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز