Homeخبریںبلوچستان میں سیکورٹی سنبھالنے کے لیئے تیار ہیں۔ ایران

بلوچستان میں سیکورٹی سنبھالنے کے لیئے تیار ہیں۔ ایران

تہران (ہمگام نیوز) ایران نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ان علاقوں میں سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جہاں پاکستان کی رٹ موجود نہیں جب کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مشترکہ آپریشنز کی تجویز بھی پڑوسی ملک کو دی ہے۔

اس بات کا اعلان ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کیا۔

ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق عبدالرضا رحمانی نے کہا کہ ہم پاکستان اور افغانستان کے ساتھ ان کی سرزمین پر دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کو اس کے کچھ حصوں میں سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور افغانستان کے اندر ان حصوں میں سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جہاں ان ممالک کو سیکیورٹی کی کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام نے کئی بار کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ سرحد پر دہشتگردوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے۔

ایرانی وزیر نے زور دیا کہ ان کے ملک کی جنوب مشرقی اور مشرقی خطوں کی سیکیورٹی پاسداران انقلاب کے ذمے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی بار الزام سامنے آیا ہے کہ پاکستان سے آنے والے دہشتگرد اس کے ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔

ایرانی حکام نے کئی بار دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے ان دہشتگردوں کے خلاف ایکشن نہیں لیا تو ایران کی فورسز پڑوسی ملک کی سرزمین میں گھس سکتی ہیں۔

Exit mobile version