یکشنبه, مارچ 8, 2026
Homeخبریںبلوچ عوام 13نومبر یومِ بلوچ شہدا کے موقع پر شٹرڈاؤن و پہیہ...

بلوچ عوام 13نومبر یومِ بلوچ شہدا کے موقع پر شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنائے ۔بی ایس او آزاد

کوئٹہ (ہمگام نیوز)بی ایس او آزاد کے مرکزی ترجمان نے جھاؤ میں فورسز کے آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ10نومبر کی شام کو جھاؤ کے علاقے لنجار میں ریاستی فورسز نے بی ایس او آزاد جھاؤ زون کے ممبر مختیار بلوچ اور بی این ایم کے کارکن افضل بلوچ کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کردیا۔انہوں نے کہا گزشتہ کئی مہینوں سے جھاؤ آواران، مشکے، نال اور کولواہ کے بیشتر علاقے ریاستی فورسز کے محاصرے میں ہیں،فورسز کے اہلکار آئے روز نہتے بلوچ فرزندان اور پر امن جدوجہد کرنے والے سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ رواں سال ستمبر میں بی ایس او آزاد نال زون کے صدر کمال بلوچ کو فورسز نے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتاری کے بعد شہید کردیا۔ بی ایس او آزاد کے ترجمان نے شہید کارکنان کی جرات پر انہیں سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ عظیم بلوچ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی۔علاوہ ازیں ترجمان نے مکران، جھالاوان، سبی ، بولان اور نصیر آباد کے مختلف علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کے خلاف رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی متعدد گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے 10نومبر کی علی الصبح دشت کے داخلی و خارجی راستوں میں ناکہ بندی کرکے دشت کے علاقوں درچکو،جتھ،سیچی،باہوٹ چات،پیروتگ،گوارگ،کپ کپار اوربلنگور کو گھیرے میں لیکر آپریشن کا آغاز کردیا ۔فورسز نے چادر وچاردیواری کی پامالی کرتے ہوئے متعدد گھروں کو لوٹ مار کے بعد نظر آتش کردیا جبکہ متعدد نہتے بلوچ فرزندوں کو اغواء کرلیا ۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی فورسز کی کاروائیاں روز بہ روز شدت اختیار کرتے جارہے ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے بولان، سبی، سوراب، گریشہ، کولواہ سمیت بلوچستان بھر میں کاروائیاں انتہائی شدت کے ساتھ جاری ہیں، جس کے نتیجے میں کئی نہتے لوگ شہید و زخمی جبکہ درجنوں اغواء ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چائنا کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے اور بلوچ وسائل کو سستے داموں سرمایہ کار کمپنیوں کے ہاتھوں بھیجنے کے لئے ریاستی فورسز بلوچ عوام کی نسل کشی کررہا ہے۔ نسل کشی کی ان کاروائیوں میں ڈاکٹر مالک کی کٹھ پتلی حکومت سمیت بلوچستا ن میں پارلیمانی سیاست کرنے والے تمام نہاد پارٹیاں برابر کی شریک ہیں۔جو بلوچ تحریک کو کمزور و بلوچ عوام کو خوف زدہ کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی فورسز کی ہمکاری کرنے والے سرداروں، و نام نہاد پارٹیوں کو ایک بات ذہن نشین کرنا ہو گا کہ تاریخ میں قابضین تمام تر ظلم و جبر کے باوجود بھی ہمیشہ رسوا ہوئے ہیں۔ بلوچ عوام کی قومی آزادی کی تحریک سے وابستگی قابض پاکستان و اس کے ہمنواؤں کی ناکامی کا سبب بنے گی۔قابض فورسز ریاستی طاقت کے بے دریغ استعمال اور بلوچ عوام کے قتل عام کے باوجود بھی قومی آزادی کی تحریک سے عوامی وابستگی کو ختم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ، اپنی ناکامی و حواس باختگی کو چھپانے اور بلوچ عوام کو خو فزدہ کرنے کے لئے بلوچستان میں ریاستی ادارے طاقت کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔ بی ایس او آزاد کے ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے نمائندے بلوچستان بیج کر بلوچ عوام پر ریاستی طاقت کی وحشیانہ استعمال سے پیدا ہونے والے سنگین صورت حال کا جائزہ لیں۔ترجمان نے بلوچ عوام سے اپیل کی کہ 13نومبر یومِ بلوچ شہدا کے موقع پر بی ایس او آزاد کے شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بناکربلوچ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز