دوشنبه, اپریل 21, 2025
Homeخبریںبھارت: ایروم شرمیلا کی سولہ سالہ بھوک ہڑتال ختم

بھارت: ایروم شرمیلا کی سولہ سالہ بھوک ہڑتال ختم

منی پور (ہمگام نیوز)بھارت میں حقوق انسانی کی علمبردار اور پختہ عزم کی علامت بن کت ابھرنے والی ایروم شرمیلا نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے مبینہ مظالم کے خلاف سولہ برس سے جاری اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔چوالیس سالہ ایروم چانو شرمیلا بھارت کے شمال مشرقی ریاست منی پور میں آرمی کے مبینہ مظالم اور سخت گیر قانون ’آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ‘ کوختم کرنے کے مطالبہ پر پچھلے سولہ برسوں سے بھوک ہڑتال پر تھیں۔ انہوں نے منی پور کے ریاستی دارالحکومت امپھال میں آج نو اگست کو شہد کھا کر اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔
خاتون آہن کے نام سے مشہور ایروم شرمیلا بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے وقت جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں سولہ سال سے بھوک ہڑتال پر تھی لیکن اس سے کچھ حاصل نہیں کر سکی۔ میں نے اپنی جد وجہد ختم نہیں کی ہے لیکن اب میں احتجاج کا دوسرا طریقہ اپنانا چاہتی ہوں، میں عدم تشدد کا راستہ اپناؤں گی ۔ میں انتخاب میں حصہ لینا چاہتی ہوں اور وزیر اعلیٰ بننا چاہتی ہوں۔ عوام میری طاقت ہوں گے اور میں انہیں ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کروں گی۔‘‘
خیال رہے کہ سن دو ہزار کو بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں دس شہریوں کی ہلاکت کے بعد شرمیلا نے اپنی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ انہوں نے ریاست میں نافذ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ یہ بھارتی قانون فوج کو کشیدہ علاقوں میں غیر معمولی اختیارات اور قصور وار فوجی کو عدالت کے سامنے جوابدہ ہونے سے مستثنیٰ قرار دیتا ہے۔ بھوک ہڑتال کے تین روز بعد ہی ریاستی حکومت نے ایروم شرمیلا کو خودکشی کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔ دنیا میں غالباً سب سے طویل عرصہ تک بھوک ہڑتال پر رہنے والی شرمیلا کو اس دوران ناک میں لگے ایک پائپ کے ذریعے غذا دی جاتی تھی اور ان کا بیشتر وقت پولیس کی نگرانی میں اسپتال میں ہی گزرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز