دہلی ( ہمگام نیوز ) بھارت نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کردی ہے جس میں کہا جارہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے پیغامات کے جواب میں مذاکرات کی پیشکش کو قبول کرلیا ہے۔
بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں مذاکرات کے حوالے سے آمادگی ظاہر کرنے کی رپورٹس کی تردید کی۔بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس سلسلے میں کیے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مروجہ سفارتی روایت کے تحت وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا جواب دیا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے جوابی خط میں لکھا کہ ’دہشت، تشدد اور عداوت سے پاک اعتماد کی فضا قائم کرنا نہایت ضروری ہے‘ اور وزیر خارجہ نے بھی تشدد اور دہشت کے سایے سے محفوظ ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔جس پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان خطوط میں مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات کی گئی تو ترجمان دفتر خارجہ نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’اس میں ایسی کوئی بات نہیں تھی‘۔


