الحدیدہ (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق یمن کے مغربی ساحلی شہر الحُدیدہ میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے ایک بیلسٹک میزائل داغنے کی ناکام کوشش کی اور میزائل لانچنگ پیڈ پر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں درجنوں حوثی باغی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حوثی ملیشیا کے جنگجو آج سوموار کی صبح ایک بیلسٹک میزائل کوحملے لیے تیار کررہے تھے۔ میزائل لانچنگ کی کوشش ناکام ہوگئی اور میزائل موقعے پرہی دھماکے سےپھٹ گیا۔
یمن کی جوائنٹ سیکیورٹری فورسز کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا شمال مشرقی الحدیدہ میں 16 کلو میٹر مشرق میں ایک بیلسٹک میزائل داغنے کی کوشش کررہے تھے مگر ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سعودی عرب پرحوثی ملیشیا کی طرف سے پانچ بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل اپنے لانچنگ اڈے پرہی دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے آواز دور دور تک سنی گئی جس کے نتیجے میں الحدیدہ کے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
دھماکے کے مقام پرروشنی اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے جس نے شہر کے شمال مشرقی علاقوں کو بھی روشن کردیا۔
خیال رہے کہ حوثی ملیشیا اسٹاک ہوم میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی آڑ میں الحدیدہ شہر کو سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں، ڈرون طیاروں اور بمبار کشتیوں کے ذریعے حملوں کے لیے استعمال کرنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔
گذشتہ روز یمن میں آئینی حکومت کے محافظ عرب اتحاد نے سعودی عرب پر حوثیوں کے چھ ڈرون طیارے اور چار بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا