Homeخبریںبینی گینٹزکی ایران کو اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے پرسنگین نتائج کی دھمکی

بینی گینٹزکی ایران کو اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے پرسنگین نتائج کی دھمکی

 

 

تل ابیب ( ہمگام نیوز) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے ایران کو ترکی میں اسرائیلی سیاحوں کو نشانہ بنانے کے خلاف ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی میں خطرہ موجود ہے۔ اگرایران نے ہمارے شہریوں کو نقصان پہنچایا تو اس کا جارحانہ جواب دیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ تل ابیب اسرائیلیوں کے خلاف کسی بھی ایرانی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ضرورت پڑنے پر جارحانہ صلاحیتوں کو تیار کر رہا ہے۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیر خارجہ یائیر لپیڈ کے دفتر نے اتوار کو اعلان کیا کہ وزیر خارجہ اس ہفتے ترکی کے دورے پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان کئی مہینوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے بعد اہم پیش رفت ہوگی۔
لیکن اس دورے کے ساتھ اسرائیل کو خدشات ہیں کہ اس کے شہری نیٹو کے رکن ملک میں ایرانی ایجنٹوں کے حملوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے 22 مئی کو پاسداران انقلاب کے ایک کرنل کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کے بعد ایران کی جانب سے قتل یا اغوا کی سازش کے خدشے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو ترکی کا سفر کرنے سے خبردار کیا تھا۔ ایرانی کرنل کے قتل پر تہران نے اسرائیلی ایجنٹوں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔
اس کے برعکس ایران نے اسرائیلی سفری انتباہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ترک وزارت خارجہ نے 13 جون کو جاری کردہ ایک بیان میں کسی ملک کا نام لیے بغیر انتباہ کی طرف اشارہ کیا تھا۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ترکی ایک محفوظ ملک ہے جو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کے طریقہ کار کے فریم ورک کے اندر تمام ضروری حفاظتی اقدامات کر رہا ہے۔
دریں اثنا اسرائیلی چینل 12 نے رپورٹ کیا کہ ’موساد‘ اور ترکی کی انٹیلی جنس سروسز نے ترکی میں اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ٹی وی چینل کے مطابق ترکی میں تقریباً 2000 اسرائیلی موجود ہیں۔

Exit mobile version