چهارشنبه, مارچ 11, 2026
Homeخبریںبی۔ایس۔او آزاد و بی۔این۔ایم کا لندن وبرلن میں مظاہرہ۔

بی۔ایس۔او آزاد و بی۔این۔ایم کا لندن وبرلن میں مظاہرہ۔

یورپ (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد اور بی این ایم کی کال پر بی ایس او آزاد کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری شبیر بلوچ کی اغواء نما گرفتاری کے خلاف آج جرمنی کے شہربرلن اور لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دونوں مظاہروں میں بلوچ کارکنوں سمیت سول سوسائٹی کے تنظیموں کی مقامی کارکنوں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر شبیر بلوچ کی بازیابی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شبیر بلوچ سمیت بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے ہزاروں کارکنوں کی بازیابی کے لئے عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ بی ایس او آزاد اور بی این ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچ سیاسی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن ایک دہائی سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود تاحال جاری ہے۔ بلوچستان میں ریاستی فورسز پرامن کارکنوں کو بغیر کسی مقدمے کے گرفتار کرکے لاپتہ کردیتے ہیں، اور بعد میں ان کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوتی ہیں۔ اب تک مارو اور پھینکو پالیسی کے تحت تین ہزار لاپتہ کارکنوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں بغیر کسی عدالتی کاروائی کے فورسز نے حراست میں قتل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی عدم توجہی اور میڈیا کی عدم دلچسپی کے باعث ہزاروں کی تعداد میں سیاسی کارکن اور عام لوگ فورسز کی خفیہ ٹارچرسیلوں میں اب بھی بند ہیں، گمشدہ لوگوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے لیکن اس جانب افسوسناک حد تک مہذب ممالک و زمہ دار اداروں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ مظاہرین نے جرمنی اور برطانوی حکومتوں سمیت اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر اداروں سے پرزور اپیل کی کہ وہ بلوچ سیاسی کارکنوں کی بہ حفاظت بازیابی کو ممکن بنانے اور بلوچ کارکنوں کی اغواء نما گرفتاریاں روکنے کے لئے اپنا کردار فوری طور پر ادا کریں۔واضح رہے کہ بی ایس او آزاد نے شبیر بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف عالمی سطح پر مہم چلانے کے اعلان کیا تھا، اس مہم کے تحت بی ایس او آزاد اور بی این ایم کی طرف سے 23اکتوبر بروز اتوار کو آسٹریلیا میں بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز