تربت(ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی تربت زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت سابق زونل صدر عائشہ بلوچ منعقد ہوا جس میں مرکزی سرکیولر، سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں سعید بلوچ زونل صدر جبکہ محمد جان بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے رکن سمیعہ بلوچ نے بطور مہمان خاص شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن سمیعہ بلوچ نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کے بنیادی ستون اُس کے ارکان ہوتے ہیں جو تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے اور تنظیمی سرگرمیوں کو مخلصی کے ساتھ سرانجام دینے کی ہمہ وقت کوشش کرتے ہیں. تنظیم میں اراکین کی بنیادی حیثیت ہونے کے ناطے انھیں خود کی ذمہ داریوں کا ادراک نہایت ہی ضروری ہے کیونکہ اگر اراکین خود کی ذمہ داریوں سے نابلد ہوں تو تنظیم میں غیر سیاسی اور غیرادارہ جاتی رویوں کا پروان چڑھتا ہے. تنظیمی اراکین کا اولین فرض کتابوں سے جُڑے رہ کر خود کی تربیت ہے کیونکہ علمی, فکری اور شعوری حوالے سے پختہ سیاسی کارکنان ہی تنظیمی مضبوطی کا ضامن ہیں.
انھوں نے کہا کہ عہد حاضر میں بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں نہایت ہی تشویشناک صورتحال ہے جہاں ایک جانب تعلیمی اداروں کی قلت کے باعث نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے تو وہی تعلیمی اداروں میں سہولیات کے فقدان کے باعث طالبعلم خود کے علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے سے قاصر ہیں.بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کے باعث گٹھن کا ایسا فضا قائم ہے جہاں طالبعلم خود کے بنیادی اور آئینی حقوق سے قاصر ہیں.
انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی زبوں حالی کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ دور کے طالبعلموں کی ذمہ داریاں تسلسل کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں. بلوچ اکثریت علاقوں میں تعلیمی فضا کو پروان چڑھانے کےلیے تنظیمی اراکین تنظیم کی جانب سے اعلان کردہ بلوچ لٹریسی کیمپین کو آگے لے جانے اور بلوچ علاقہ جات میں تعلیمی مسائل کو اجاگر کرنے کےلیے ہمہ وقت کوشش کرنی چاہیے. بلوچ علاقہ جات میں علمی اور کتب بینی کی فضا کو تشکیل دینے کےلیے لائبریریوں کا قیام عمل میں لائیں جبکہ مختلف علاقوں میں تسلسل کے ساتھ کتب میلوں کا انعقاد کریں.
اجلاس کے آخری ایجنڈہ آئندہ لائحہ عمل میں گزشتہ کابینہ کو تحلیل کر کے نئی کابینہ تشکیل دی گئی جس میں سعید بلوچ صدر, سدیر بلوچ نائب صدر, محمد جان جنرل سیکرٹری, حبیب بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور ساھیلہ بلوچ بطور انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئیں. مرکزی کمیٹی کے رکن سمیعہ بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور منتخب شدہ اراکین نے تنظیمی پروگرام کو تسلسل کے ساتھ آگے لے جانے کا اعادہ کیا۔


