تہران(ہمگام نیوز ) شمالی ایران میں جمعے کی صبح منشیات کی بحالی کے ایک مرکز میں آگ لگنے سے کم از کم 27 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صوبائی ڈپٹی گورنر محمد جلائی کے مطابق تہران کے شمال میں واقع گیلان صوبے کے شہر لنگرود میں منشیات کی بحالی کے مرکز میں آتشزدگی کا واقع پیش آیا۔
ابتدائی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔