کوئٹہ (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں آج عید کے روز جبری اغواء ہونے والے افراد کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق آج عید کے روز جبری اغواء ہونے والے افراد کیلئے سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں جبری اغواء ہونے والے بلوچوں کی بازیابی کیلئے آواز اٹھائی گئی، مظاہرے میں ڈاکٹر دین محمد، شبیر بلوچ، حسان قمبرانی، راشد حسین و دیگر جبری اغواء افراد کے لواحقین سمیت سیاسی و طلباء تنظیموں اور کئی افراد نے بھر پور شرکت کی۔
مظاہرے میں جبری اغواء افراد کے لواحقین کا کہنا تھا کہ عید خوشیوں کا دن ہے اور آج کے روز پوری امت مسلمہ خوشیاں منا رہی ہے مگر ہم اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے سڑکوں پر بھٹک رہے ہیں۔ اپنے پیاروں کی عدم بازیابی کی وجہ سے ہم ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کیوں ہماری آواز نہیں سنی جاتی؟ آخر کیوں ہمیں انصاف فراہم نہیں کیا جاتا؟