جنوبی کوریا (ہمگام نیوز) بلوچ رپبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی نے میڈیا میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی آر پی جنوبی کوریا چیپٹر کی جانب سے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور فوجی آپریشنز کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا.
شیر محمد بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن کو طول دیا جا رہا ہے جس سے ہر مکتب فکر کے بلوچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے.
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کیچ اور ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں فوجی بربریت کے دوران بلوچوں کے گھروں کو جلایا گیا ہے اور گھروں میں موجود قیمتی اشیاء اور مال مویشیوں کو لوٹ کر پاکستانی فورسز اپنے ساتھ لے گئے ہیں.
بی آر پی جنوبی کوریا کے صدر امیر بلوچ نے دوران مظاہرہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ایسا کوئی گھر نہیں جہاں سے بلوچ فرزند جبری طور پر اغوا نہ ہوا ہو یا شہید نہ کیا گیا ہو.
انہوں نے مزید کہا کہ بی آر پی بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر ممکن پلیٹ فارم سے بلوچستان میں ریاستی بربریت پر آواز بلند کرتے رہیں گے.
آخر میں امیر بلوچ نے انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ بلوچستان میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں اور بلوچ نسل کشی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں.