جمعه, مارچ 13, 2026
Homeخبریںجرمنی ،ایف بی ایم کے 'دستخطی آگاہی مہم' میں کرد آزادی پسندوں...

جرمنی ،ایف بی ایم کے ‘دستخطی آگاہی مہم’ میں کرد آزادی پسندوں کی شرکت

ہنوفر(ہمگام نیوز)فری بلوچستان موومنٹ کی جانب سے “ بلوچستان نہ پاکستان اور نہ ہی ایران” کے عنوان سے جاری دستخطی مہم اپنے اگلے مرحلے میں جرمن صوبے نیدر زیکسن کے دارلحکومتی شہر ہنوفر میں دوسرے دن بھی جاری رہا۔مہم کادوسرا دن بھی انتہائی کامیابی سے اختتام پزیر ہوا۔
مہم کے دوسرے روز بھی شہریوں نے بڑی تعداد میں مہم کی حمایت کرتے ہوئے پٹیشن پر دستخط کئے، آج جرمن عوام کے علاوہ کرد آزادی پسند فرزندوں نے بھی مہم کا بھر پور ساتھ دیا اور بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے حریت پسند کردوں نے پٹیشن پر دستخط کئے۔ اس دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تمام مقبوضہ اقوام کے درمیان اتحاد و اتفاق کو ہی واحد ذریعہ نجات قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ قوم اور کرد قوم ایک مشترک مسئلے سے دو چار ہیں اور کافی سالوں سے اپنی آزادی کی تحریک کو آگے بڑھا رہے ہیں، اگر اسی مستقل مزاجی، استقامت اور مخلصی سے اپنے مقصد سے جڑے رہے تو وہ دن دور نہیں جب بلوچ اور کرد بھی ایک آزاد و خودمختار وطن کے مالک بن کر آزاد فضاء میں سانس لینگے۔
مہم میں شریک افراد کو فری بلوچستان موومنٹ کے کارکنوں نے مہم کے مقاصد اور بلوچستان میں جاری پاکستان و ایران کے جنگی جرائم کے بارے میں معلومات فراہم کیں جس پر عوام نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی آزادی کی تحریک مظالم اور جارحیت سے نہیں دبائی جاسکتی بلکہ تاریخ گواہ ہے کہ مظالم اور جارحیت نے ہمیشہ تحریک سے جڑے اقوام کو مزید طاقت بخشی ہے۔ قابض ممالک کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئیے اور انسانی جانوں کے ضیاع کے بجائے اپنے ناجائز قبضے سے غیر مشروط طور پر دستبردار ہوکر انسانی توقیر کی سر بلندی میں اپنا کردار ادا کرنا چائیے۔
فری بلوچستان موومنٹ کے جاری کردہ
اعلامیے کے مطابق یہ مہم جرمن صوبے نیدر زیکسن کے دارلحکومتی شہر ہنوفر میں 23 اور 24 فروری کے علاوہ وقفے وقفے سے پورا مہینہ جاری رہے گا جس کے بعد مہم اپنے اگلے مرحلے میں جرمنی کے دیگر صوبوں اور تمام بڑے شہروں میں اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیگا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز