میو نخ(ہمگام نیوز) جرمن پولیس نے بتایا کہ منگل تیرہ جون کو پیش آنے والے اس واقعے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک خاتون پولیس افسر بھی شامل ہے۔ میونخ پولیس کے ترجمان مارکوس دا گلوریا نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ کوئی دہشت گردانہ کارروائی نہیں تھی،یہ کارروائی ایک شخص نے تنہا ہی کی تھی، جو اس وقت زیر حراست ہے اور اس کا کوئی سیاسی یا مذہبی پس منظر نہیں ہے۔ ترجمان کے بقول اس واقعے کے واحد ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اُنٹر فوئہرنگ نامی اسٹیشن پر کھڑے اس شخص نے اس کی شناختی دستاویزات طلب کیے جانے پر پستول نکال کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران یہ شخص خود بھی شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون پولیس اہلکار کو شدید زخم آئے ہیں جبکہ دیگر افراد معمولی زخمی ہیں،اس واقعے کے بعد اس اسٹیشن کو بند کر دیا گیا تھا اور ابتدائی تفتیش مکمل کرنے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہو چکی ہے۔