یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںجنسی ہراسیت کے الزام پر بھائی کی مدد، سی این این اینکر...

جنسی ہراسیت کے الزام پر بھائی کی مدد، سی این این اینکر معطل

واشنگٹن(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق امریکی نیوز چینل سی این این نے قانونی دستاویزات سامنے آنے کے بعد پرائم ٹائم اینکر کرس کیومو کو معطل کر دیا ہے، جن میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی اور نیو یارک کے سابق گورنر اینڈریو کیومو کی جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کا مقابلہ کرنے میں مدد کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی دنوں میں دونوں بھائی مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔

تاہم اینڈریو کیومو نیو یارک انتظامیہ کی سابق ملازمین سمیت دیگر خواتین کو ہراساں کرنے کے الزامات کا کئی مہینوں سے مقابلہ کر رہے تھے۔
انہوں نے بالآخر اگست میں استعفیٰ دے دیا تھا۔
رواں سال اکتوبر میں 63 برس کے سابق گورنر اینڈریو کیومو پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی خاتون اہلکار کو زبردستی ہاتھ لگایا ہے۔
سی این این کے اینکر کرس کیومو کے خلاف اپنے بھائی کا دفاع کرنے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سی این این کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ’نیو یارک کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے پیر کو دستاویزات جاری ہوئی ہیں جو کرس کیومو کی اپنے بھائی کا دفاع کرنے پر روشنی ڈالتی ہیں۔‘

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’دستاویزات، جو رلیز ہونے سے قبل ہمیں موصول نہیں ہوئی تھیں، سوالات کو جنم دیتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سی این این کی انتظامیہ سمجھتی ہے کہ اینکر کرس کیومو نے اپنے بھائی اینڈریو کیومو کی مدد کر کے اپنے خاندان کو نوکری پر ترجیح دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نیویارک اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اینکر کرس کیومو نے اپنے بھائی کے دفاع کی کوششوں میں بڑا کردار ادا کیا ہے جس کا سی این این کو علم نہیں تھا۔
’نتیجتاً ہم نے کرس کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا ہے، اور اس معاملے کی مزید جانچ پڑتال کی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ دونوں بھائی نیو یارک کے سابق گورنر ماریو کیومو کے بیٹے ہیں۔
منگل کو کرس کیومو کے شو کی میزبانی اینڈرسن کوپر نامی اینکر نے کی تھی۔
تاہم سی این این نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ آگے کے شوز کرس کیومو کی جگہ کون کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز