دوشنبه, مارچ 16, 2026
Homeخبریںجنوبی وزیرستان میں گورنمنٹ ہائی سکول کڑمہ کی عمارت اور برآمدے کی...

جنوبی وزیرستان میں گورنمنٹ ہائی سکول کڑمہ کی عمارت اور برآمدے کی دیوار پر طالبان کی وال چاکنگ

وزیرستان(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق وزیرستان پولیس نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے گورنمنٹ ہائی سکول کڑمہ کی عمارت اور برآمدے کی دیوار پر کی جانے والی وال چاکنگ کی گئی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی صحافی نے وال چاکنگ کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ایسے نعرے درج ہونا یقینی طور پر اس وقت مقامی شہریوں کے لیے باعث تشویش ہے۔

ڈی پی او جنوبی وزیرستان شوکت علی کا میڈیا میں کہنا تھا کہ بدھ کو گورنمنٹ ہائی سکول کڑمہ کے عمارت پر ٹی ٹی پی سے متعلق وال چاکنگ کا علم ہوا ہے تاہم یہ بات وثوق سے نہیں کی جاسکتی کہ وال چاکنگ طالبان نے کی ہے یا کسی اور نے۔

اُنہوں نے میڈیا کو مزید بتایا کہ اس حوالے سے مقامی انتظامیہ اور پولیس نے تحقیقات شروع کی ہیں جس میں اس بات کا اندازہ لگایا جائے گا کہ یہ حرکت کس کی جانب سے کی گئی ہے۔

ایک مقامی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا ہے کہ پیر کو کڑمہ کے علاقے میں مبینہ طور پر تحریک طالبان پاکستان کے ارکان کو کئی جگہوں پر دیکھا گیا اور جب صبح کے وقت لوگ مارکیٹ کی طرف جا رہے تھے تو اُنھوں نے دیکھا کہ سکول کی دیوار اور برآمدے پر تحریک طالبان پاکستان سے متعلق وال چاکنگ ہوئی ہے۔

تحریک طالبان پاکستان کے ذرائع نے بھی وال چاکنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وال چاکنگ تحریک طالبان پاکستان کے حمزہ گروپ کی جانب سے کی گئی ہے جو تحریک طالبان پاکستان کا ذیلی گروپ ہے۔

مقامی انتظامیہ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا ہے کہ تقریباً 6 ماہ قبل کڑمہ کے مرکزی بازار کی عمارت کو بھی طالبان نے بموں سے اس لیے اُڑایا تھا کہ بازار کی عمارت بنانے والے ٹھیکیدار نے طالبان کو کمیشن دینے سے انکار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز