شکئی(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی میں پشتون عوام کا ریاستی پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ جاری۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے مقامی پشتون عوام کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین سے پولیس سب انسپکٹر عثمان کا رویہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔
مقامی عوام ریاستی پولیس کی زیادتیوں کے خلاف وانا شکئی روڈ پر پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں جہاں شکئی کی عوام سب انسپکٹرکے تبادلے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کی بدمعاشی کسی صورت برداشت نہیں کرینگے،ان کا کہنا ہے کہ قانون سب کیلئے برابرہوناچاہیے۔ پشتون مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس بلاوجہ مقامی لوگوں کو تنگ کررہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکام بالا اس مسئلے پر نوٹس لیں۔
یاد رہے جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی میں فٹ بال میچ کے دوران ایس ایچ او عثمان کی ٹیم پر مخالف ٹیم کے کھلاڑی نے گول کردیا تھا جس پر ایس ایچ او عثمان نے غصے میں آکر مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی ایس ایچ او عثمان پر الزامات لگے ہیں کہ وہ علاقے میں جرگوں کے نام پر بھتہ وصول کرتا ہے اور زور زبردستی علاقے پر اپنا تسلط قائم رکھا ہوا ہے۔


