پنجشنبه, اکتوبر 10, 2024
Homeخبریںحب زائرین کا ٹرک الٹنے سے 11افراد جاں بحق 32زخمی

حب زائرین کا ٹرک الٹنے سے 11افراد جاں بحق 32زخمی

حب (ہمگام نیوز)بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے علاقے میں زائرین کا ٹرک الٹنے سے 11افراد جاں بحق ہوگئے 32سے زیادہ زخمی ہوگئے ان میں بعض حالت نازک بتائی جاتی ہے زخمیوں کو حب کے ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے افراد کی متیں ان کے آبائی گاؤں ڈیرہ غازی خان روانہ کردی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ڈیرہ غازی خان سے شاہ نورانی کے سالانہ میلے اور عرس میں شرکت کے لئے جانے والا زائرین سے بھرا ہوا ٹرک شاہ نورانی کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گیاجس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور32سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں مرد،عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں ، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر نواحی علاقے محبت فقیر کے رورل ہیلتھ سینٹر پہنچادیا گیا جہاں سے آٹھ شدید زخمیوں کو فوری طور پر کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں پہنچادیا گیا ہے ۔حادثے کے وقت بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ رکن صوبائی اسمبلی سردار اختر جان مینگل بھی شاہ نورانی میں موجود تھے جن کی ہدایت پر ان کی پارٹی کے کارکنوں نے حادثے کا شکار ہونے والے زائرین کوطبی امداداور طبی مراکز پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ۔ڈیرہ غازی خان،بکھر اور ملتان سے جمعے کے روز شاہ نورانی کے سالانہ عرس اور میلے میں پہنچنے سے چندلمحات قبل زائرین سے بھرا ہوا ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کرمتعدد کلٹیاں کھانے کے بعد الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار 11افراد موقع ہی پر ہلاک ہوگئے جبکہ 32سے زائد زخمی ہوگئے ۔تمام ہلاک اور زخمی ہونے والے زائرین کو میلے میں شرکت کے لئے آنے والی مختلف گاڑیوں کے ذریعے شا ہ نورانی کی درگاہ کے قریب واقع محبت فقیر کے مقام پر گورنمنٹ آف بلوچستان کے محکمہ صحت لسبیلہ کے رورل ہیلتھ سینٹر محبت فقیر پہنچایا گیا مگر محبت فقیر کے رورل ہیلتھ سینٹر میں اتنی زیادہ تعداد میں مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کا اہتمام نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو ہنگامی بنیادو ں پر مختلف زائرین کی گاڑیوں کے ذریعے سب ڈویژن دریجی سٹی سمیت حب کے گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال اور کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں پہنچا یاگیا جبکہ میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں پہنچانے کے لئے ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ فواد غفار سومرو کی ہدایت پر ایدھی ٹرسٹ بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کو ہدایت کی کہ وہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں پہنچانے کے لئے ایدھی ایمبولینسوں کا بندوبست کریں جس پر ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی نے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ مولانا عبدالستار ایدھی کے فرزند فیصل ایدھی اور ایدھی ٹرسٹ کے انچارج انور قاضمی سے بڑی ایمبولینسوں کا قافلہ طلب کیا اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افرا د کی میتوں کے ان کے آبائی علاقوں میں پہنچانے کے انتظامات کئے ۔ودھ پریس کلب کے صدر عبدالجبار مینگل کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں مرد ، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں صغیر ہ بی بی ،محمد شفیع ،ثناء اللہ ، غلام یاسین،نصرین بی بی ،یاسین ،میرا خاتون بنت ناظم ،وسائی خاتون بنت محمد حنیف،روبینہ بی بی بنت غلام حسین اورسمبو خاتون شامل ہیں ۔عبدالجبار مینگل نے میڈیا کے نمائندوں کوبتا یاکہ اس المناک حادثے کے وقت ممتاز بلوچ قوم پرست رہنماء سردار اختر جان مینگل بھی شاہ نورانی کے علاقے میں موجود تھے اور ان کی خصوصی ہدایت پر ان کی پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے المناک حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی سمیت طبی مراکز تک پہنچایا جبکہ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر محمد
اکبر حریفال کی ہدایا ت کی روشنی میں وڈھ ،خضدار ،سارونا ،شاہ نورانی ،محبت فقیر ،دریجی اور گورنمنٹ جا م غلام قادر اسپتال حب کے عملے کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا جبکہ ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر غلام فاروق بلوچ نے گورنمٹ جام غلام قادر اسپتال حب کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر غلام عباس لاسی سمیت تمام میل اور فی میل ڈالٹرز ،پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسس کے ڈرائیورز کو ہائی الرٹ کردیا ہے علاوہ ازیں ڈاکٹر غلام عباس لاسی نے اپنے ساتھی ڈاکٹر ز ،لیڈی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ یہاں لائے گئے زخمیوں کو فوی طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور متعدد شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لئے ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال کراچی پہنچادیاہے ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز