دمشق(ہمگام نیوز) شام کے دارالحکومت دمشق میں حضرت زینب رضی اللہ تعالی عنھا کے مزار کے باہر تین بم دھماکوں میں کم از کم 45 افراد ہلاک جبکہ 110 زخمی ہو گئے۔
ریاستی میڈیا ایجنسی ثنا کے مطابق، پہلا بم دھماکا مزار کے قریب ایک بس اسٹیشن پر کار میں کیا گیا۔
اس کے بعد دو خود کش بمباروں نے جائے وقوعہ پر جمع ہونے والے ہجوم کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اے ایف پی کے ایک فوٹو گرافر کے مطابق، بم دھماکوں سے علاقے میں شدید نقصان ہوا اور سڑک پر بڑا گڑھا پڑ گیا۔ دھماکے سے ایک درجن کے قریب گاڑیوں اور بس میں آگ لگ گئی۔
حملے کے بعد ریسکیو عملہ درجنوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتا دیکھا گیا۔مزار میں حضرت محمدﷺ کی نواسی حضرت زینب رضی اللہ تعالی عنھا کی قبر ہے اور یہ مزار اہل تشیع میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
یہاں شام کے علاوہ ایران ، لبنان اور عراق وغیرہ سے بڑی تعداد میں زائرین امن و امان کی صورتحال کو نظر انداز کرتے ہوئے آتے ہیں۔
یہ مزار ماضی میں متعدد مرتبہ بم حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ فروری، 2015 میں مزار کے قریب چیک پوسٹ پر دو خود کش بم حملوں میں چار افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوئے تھے۔
اُسی مہینے مزار کی جانب جانے والی لبنانی زائرین سے بھری بس میں ایک بم دھماکت سے کم از کم نو ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ بعد ازاں القاعدہ سے جڑی تنظیم النصر فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔