ریاض (ہمگام نیوز ڈیسک) ہمگام نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی حالات کی وجہ سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران میں ایئرپورٹ پر اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے المصیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ پر منگل کی صبح شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اِس حملے میں ’کے ٹو قصیف ایئرکرافٹ’ کا استعمال کیا گیا ہے۔ حوثیوں کے مطابق اِس حملے کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اِس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے یمن میں سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک ڈرون کے ذریعے اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عام لوگوں کے زیرِ استعمال تھیں۔
سعودی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ ‘ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی کارروائیاں جاری ہیں جو خطے اور دنیا کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں۔’
پیر کو سعودی ٹی وی العربیہ کی ویب سائٹ نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ‘مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔’
جبکہ حوثی باغیوں نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی تھی کہ انھوں نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے عرب میڈیا نے خبر شائع کی تھی کہ ‘سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورسز نے طائف اور جدہ کے اوپر حوثی باغیوں کے دو میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا ہے جن میں سے ایک کے ٹکڑے وادی جلیل میں جا کر گرے ہیں ۔’


