تربت (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے بلوچ نوجوان حیات مرزا بلوچ کے قابض ایف سی اہلکاروں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کے خلاف کل 17 اگست بروز پیر کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض پاکستانی فوج کے ہاتھوں حیات مرزا کے ظالمانہ قتل کے خلاف کل بروز 17 اگست صبح 9 بجے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی پبلک لائبریری تربت سے ہوتے ہوے شہید فداء چوک تک جائے گی۔
کمیٹی کی طرف سے اپیل کی گئی ہے کہ کیچ کے تمام باشعور افراد، انسان دوست، سیاسی، سماجی و طلبہ تنظیمیں اس احتجاج میں اپنی شرکت یقینی بنائیں تاکہ آنے والے وقت میں ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔
یاد رہے حیات بلوچ کو گزشتہ روز مقبوضہ بلوچستان کے شہر تربت کے علاقے آبسر میں قابض پاکستانی فوج نے گھر والوں کے سامنے تشدد کے بعد جارحانہ طور پر شہید کردیا تھا۔ شہید حیات بلوچ کراچی یونیورسٹی میں فزیالوجی کے فائنل ائیر کا طالب علم تھا۔قابض پاکستانی فوج حیات بلوچ کی طرح ہزاروں کی تعداد میں بلوچ طلبہ و عام افراد کو قتل کرنے و جبری اغواء کرنے میں ملوث رہی ہے۔


