Homeخبریںخاران:شہید رازق کے گھر پر فورسز کا چھاپہ والدہ سمیت خواتین کو...

خاران:شہید رازق کے گھر پر فورسز کا چھاپہ والدہ سمیت خواتین کو گرفتار کرکے ایف سی کیمپ منتقل کردیا گیا

خاران (ہمگام نیوز) گزشتہ روز قابض پاکستانی فوج اور اس کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے خاران شہر میں شہید رازق عرف سنگت بلال کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کی والدہ سمیت گھر میں موجود خواتین کو تفتیش کے بہانے گرفتار کرکے ایف سی کیمپ منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ شہید رازق 23 نومبر کو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے تین حملہ آوروں میں سے ایک تھا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق 24 نومبر سے تاحال خاران میں فورسز مسلسل شہید رازق کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے اہل خانہ کو نہ صرف حراساں کر رہے ہیں، بلکہ قبل ازیں بھی ان کی والدہ اور خواتین کو تفتیش کیلئے دو بار ایف سی کیمپ منتقل کردیا تھا۔ اب ایک بار پھر ان خواتین کو حراست میں لے کر کیمپ منتقل کردیا ہے۔ اور تاحال ان کا کوئی علم نہیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ شہید رازق عرف سنگت بلال کے خاندان والوں نے چار سال قبل ہی اخبارات میں بیان دیکر شہید رازق سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود قابض پاکستانی فورسز اس کے تین بھائیوں خواستی خان، حاجی محمد اسلم اور محمد وسیم کو حراست میں لے کر لاپتہ کرنے کے علاوہ اس کی والدہ سمیت دیگر خواتین کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ہے۔ جبکہ ان کے خاندان کے قریبا 25 بچے و کم عمر افراد خوف و ہراس کے عالم میں ہیں۔ اور فورسز کی طرف سے ان خاندان کو دھمکی دینے کے بعد لوگ ان بچوں سے دور رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جبکہ شہید رازق سے لاتعلقی کے اعلان کے باوجود فورسز بنا ثبوت کے ان کے بے گناہ اہل خانہ کو شامل تفتیش کر رہے ہیں۔ جو تا حال ایف سی کیمپ میں مقید ہیں۔

Exit mobile version