خاران (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق خاران میں قابض پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے جاری چھاپوں کے دوران جبری طور پر لاپتہ کیے گئے مزید دو نوجوانوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ لاپتہ افراد میں اویس احمد قمبرانی اور محمد عارف شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز خاران سٹی کے علاقے ڈیری فارم، محلہ بلوچ آباد میں قابض پاکستانی فورسز نے چھاپہ مار کر اویس احمد قمبرانی ولد محبوب قمبرانی، سکنہ سراوان
کو گاڑی سمیت اپنے ہمراہ لے گئے۔
دوسری جانب، پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے خاران شاپنگ بازار کے علاقے سے ایک اور نوجوان محمد عارف ولد محمد اشرف ملازئی کو اغواء کرکے لاپتہ کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اس کارروائی میں وہی گاڑی استعمال کی گئی ہے جو گزشتہ دو روز سے علاقے میں نوجوانوں کو اغواء کرنے کے لیے گھوم رہی ہے۔ گواہوں کے مطابق مذکورہ گاڑی میں شاہد ملازئی کے افراد بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ خاران میں گزشتہ کئی دنوں سے چھاپوں اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔


