کوئٹہ(ہمگام نیوز)مقبوضہ بلوچستان کے علاقے خاران میں گزشتہ رات قابض پاکستانی فوج کے متعدد گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ خاران ایف سی کیمپ پہنچا ہے، جبکہ آج چار ہیلی کاپٹر بھی آچکے ہیں۔
اس کے علاوہ نوشکی میں بھی آج سپیشل فورسز کو لے کر دو ہیلی کاپٹر اترے ہیں۔
ذرائع نے خدشتہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ قابض فوج کی دونوں علاقوں میں غیر معمولی نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ خاران اور نوشکی سے متصل پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ سے ایک فوجی قافلہ بھاری نفری کو لے کر خاران پہنچا ہے جبکہ آج بروز 10 فروری چار ہیلی کاپٹر خاران ایف سی کیمپ میں اور دو ہیلی کاپٹر نوشکی میں آچکے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹروں سے پاکستان کے سپیشل فورسز آپریشن میں استعمال ہونے والے ساز و سامان سمیت اترے ہیں۔ مذکورہ علاقوں میں آپریشن و فوجی جارحیت کا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں خاران اور نوشکی سے متصل علاقوں میں آج صبح سے آپریشن کے اطلاعات بھی ہیں، تاہم اس حوالے سےتفصیلات آنا باقی ہے۔