خضدار (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں مزدوروں کی اتحاد تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے اور جھالاوان میڈیکل کالج و دیگر تعلیمی اداروں کے حوالے سے سازشوں کے خلاف ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت چئیرمین مزدور اتحاد محمد اسماعیل زہری نے کی.
زرائع کے مطابق ریلی میونسپل کارپوریشن سے برآمد ہوکر مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا پریس کلب پہنچا اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کرگیا.
مظاہرین سے چئیرمین مزدور اتحاد محمد اسماعیل زہری آغا ذوالفقار علی شاہ عبدالحمید کھیازئی مہرا اللہ قمبرانی حضور بخش طالب ممتاز احمد نوتانی علی احمد بلوچ خلیل احمد چنال ودیگر نے خطاب کیا.
ریلی میں خطاب کے وقت شیر احمد قمبرانی پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید غلامانی ایریگیشن کے صدر ٹکری حبیب اللہ قمبرانی جنرل سیکریٹری غلام اللہ ایگریکلچر
ورکرز یونین کے صدر عبدالغفار موسیانی میونسپل کارپوریشن کے محمد یعقوب نتھوانی مزدور اتحاد کے پریس سیکریٹری امام جاموٹ میڈیا کوآرڈینیٹر بشیراحمد رئیسانی سمیت دیگر مزدور رہنما بڑی تعداد میں شریک تھے.
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیاجائے. سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے پر نظرثانی کی جائے وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن میں عبوری ریلیف کی مد میں 10 فیصد اضافہ ملازمین کے ساتھ مذاق کے علاوہ کچھ نہیں.
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں بڑے پیمانے پر پائے جانے والی فرق کو دور کرکے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کرے جب کہ سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث تین مارچ 2021ء کو جاری کردہ سرکلر میں ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم کرنے کے لیے 25 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دیا گیا تھا وہ مارچ سے ملازمین کو دی جائیں.
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملازمین کی تنخواہوں میں تفریق ختم کرنے کے فارمولے کی بنیاد پر کیا جائے.اور جن اداروں و محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی پائی جاتی ہے لہذا اُن میں اضافہ کیاجائے.
مقررین نے جھلاوان میڈیکل کالج و یونیورسٹی و دیگر تعلیمی اداروں کے حوالے سے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین سالوں سے صوبائی حکومت کی جانب سے بولان میڈیکل کالج کے سب کیمپس کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں جن کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان تعلیمی اعتبار سے پہلے سے کافی پسماندہ ہیں لہذا اب مذید سازشوں کا متحمل نہیں ہوسکتا
اگر جام حکومت خضدار میں جھلاوان میڈیکل کالج و دیگر تعلیمی اداروں کے خلاف سازشیں بند نہیں کرتے .تو مزدور اتحادآل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی و دیگر تنظیموں سے مل کر اِن اداروں کو بچانے کیلئے ہر فورم پر جہدوجہد کریں گی.
مقررین سے خطاب میں مزدور اتحاد کے وائس چیئرمین مہراللہ قمبرانی نے انجیئنرنگ یونیورسٹی کے ملازمین کے ہاؤس اسکیم کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین سے پچھلے کئی سالوں سے کٹوتی ہورہی ہے لیکن ملازمین کی ہاؤسنگ اسکیم بھی سازشوں کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین کے ہاؤسنگ اسکیم کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو ملازمین سخت احتجاج کا راستہ اپنائیں گئیں.
مزدور اتحاد کے جنرل سیکرٹری آغا زوالفقار علی شاہ نے خضدار میں خود ساختہ مہنگائی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے متعلقہ حکام کی اس جانب کوئی توجہ نہیں-


