سه شنبه, جون 17, 2025
Homeخبریںخلیج عمان میں آئل ٹینکر پر حملے، امریکہ نے ایرانی کشتی کی...

خلیج عمان میں آئل ٹینکر پر حملے، امریکہ نے ایرانی کشتی کی فوٹیج جاری کر دی

واشنگٹن ( ہمگام نیوز ڈیسک ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران ایک دہشت گرد قوم ہے اور آئل ٹینکرز پر حالیہ حملوں میں ایران کے ملوث ہونے سے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔جمعے کو امریکی ٹی وی ‘فوکس نیوز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایران کی فوج حملے کا نشانہ بننے والے آئل ٹینکر سے بارودی سرنگ ہٹا رہی ہے۔صدر نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی غلطی نہ کرے۔ ان کے بقول اگر اس نے ایسا کیا تو یہ گزرگاہ زیادہ دیر تک بند نہیں رہے گی۔

دریں اثنا عرب لیگ نے ایران سے کہا ہے کہ وہ محتاط رویہ اپناتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔جمعرات کو خلیجِ عمان میں حملوں کا نشانہ بننے والے جہازوں کا تعلق ناورے اور جاپان کی شپنگ کمپنیز سے تھا جن پر ہونے والے دھماکوں کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکی ہیںجمعے کو اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کے بعد عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیث نے کہا کہ جمعرات کو کیے جانے والے حملوں سے متعلق متضاد اطلاعات آ رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کا تعین ہونا چاہیے اور انہیں امید ہے کہ بہت جلد حقائق سامنے آ جائیں گے۔امریکہ نے ایران پر الزام لگایا تھا کہ وہ خلیجِ عمان میں تیل بردار جہازوں پر حملے میں ملوث ہے۔امریکہ کی جانب سے ایک ویڈیو بھی ریلیز کی گئی تھی جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کی کشتی خلجی عمان میں جاپانی تیل بردار جہاز کے قریب ایک بارودی سرنگ بچھا رہی ہے۔ یہ بارودی سرنگ اس جہاز کو تباہ کرنے کیلئے نصب کی گئی تھی مگر وہ پھٹ نہیں‌ سکی اور اسے کشتی کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔جمعے کو صحافیوں سے گفتگو میں عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ وہ “ایرانی بھائیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ محتاط رہیں اور پیچھے ہٹ جائیں۔ خطے کو تصادم کی طرف نہ دھکیلیں۔ اگر ایسا ہوا تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔”خطے میں جاری حالیہ کشیدگی پر برطانیہ نے امریکی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے تیل بردار جہازوں پر حملے کا ذمہ ایران کو ٹھہرایا ہے۔

برطانوی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ “برطانیہ کو دستیاب معلومات کے مطابق جمعرات کو ہونے والے حملے پاسدرانِ انقلاب نے کیے۔ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں چار آئل ٹینکرز پر حملوں کا ذمہ دار بھی ایران ہے۔”برطانیہ کے وزیرِ خارجہ جرمی ہنٹ نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سوچ پر عمل پیرا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خلیج عمان میں ہونے والے حملوں کی غیر جانب دار تحقیقات کروانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔عرب لیگ کے سربراہ سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انتونیو گوتیرس نے کہا کہ ہمیں ہر صورت خطے میں تصادم سے بچنا ہے۔انھوں نے کہا اقوامِ متحدہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے تاہم ان کے بقول موجودہ صورتِ حال میں فریقین کا مذاکرات کی میز پر بیٹھنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

جاپان نے کہا ہے کہ اس کے آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا ہے اور واقعے میں جو بھی ملوث ہے اس کا تعین ضروری ہے۔جاپانی محکمہؑ خارجہ کے ترجمان نے واقعے کو جاپان کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی سیکورٹی سخت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز