جمعه, مارچ 13, 2026
Homeخبریںدہلی: اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکہ

دہلی: اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکہ

دہلی (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

بھارت کے این ڈی ٹی وی کے مطابق دھماکے کے بعد ملک کے تمام ایئرپورٹس، اہم سرکاری تنصیبات اور حکومتی عمارات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس نے تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی نفری میں ممکنہ حد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔

بھارت کے مؤقر اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ابوالکلام روڈ پر اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہوا ہے۔

بھارت کے نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے البتہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جہاں دھماکہ ہوا وہ وجے چوک سے دو کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے جہاں صدر رام ناتھ کوونڈ، وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر سینئر اعلیٰ حکام و افسران ایک تقریب میں شرکت کے لیے اکھٹے ہوئے تھے۔

بھارتی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پلاسٹک کے تھیلے میں دھماکہ خیز مواد ڈال کر سڑک کے کنارے رکھا گیا جو پھٹ گیا۔ دھماکے سے چار پانچ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز