روالپنڈی ( ہمگام نیوز )منگل کی الصباح راولپنڈی کے ایک مضافاتی علاقے ربیع سینٹر کے قریب آبادی پر ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس سےاہلکاروں سمیت 15 افراد کے ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا طیارہ آرمی ایوی ایشن کا تھا جس میں دو پائلٹوں سمیت پانچ افراد سوار تھے۔ حادثے میں پانچوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کی جانب کہا گیا کہ طیارہ گرنے سے ہلاک ہونے والے دونوں پائلٹ لیفٹننٹ کرنل ثاقب اور لیفٹننٹ کرنل وسیم کے علاوہ نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔
پاکستان کے میڈیا چینلز کا کہنا ہے کہ طیارے کا ملبہ مکانوں پر گرا جس سے ان میں آگ لگ گئی۔ زیادہ جانی نقصان گھروں کو آگ لگنے سے ہوا کیونکہ اس وقت زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔
ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جن میں آرمی کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے پہلے اس کے نچلے حصے میں آگ لگی ہوئی تھی اور اس کے جلتے ہوئے ٹکڑے مکانوں پر گرے جن سے ان میں آگ لگ گئی۔
اس حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے۔علاقے کے اسپتالوں میں ایمرجینسی نافذ کر دی گئی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ گرنے سے کئی مکانوں آگ لگ گئی اور اس نے قریبی مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا۔
آگ سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، جنہیں جلنے سے گہرے زخم آئے ہیں۔ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔


