پرتگال(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت کے حامل فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو دنیائے فٹبال میں 800 گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔کرسٹیانو رونالڈو نے ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 130، یووینٹس کے لیے 101 اور پرتگال کی طرف سے ریکارڈ 115 گول کیے۔
رونالڈو نے دو سال قبل ہی اپنے 700 گول پورے کیے تھے اور صرف دو سالوں میں وہ اسے 800 تک لے جانے میں کامیاب رہے۔رونالڈو 30 سال کے ہونے کے بعد سے 372 میچوں میں 338 گول کر چکے ہیں۔
رونالڈو نے 2002 میں اسپورٹنگ لزبن کے ساتھ اپنے کئیئیر کا آغاز کیا تھا، اور اسی سال 7 اکتوبر کو موریرنس کے خلاف 3-0 کی فتح میں اپنی ٹیم کے لیے دو گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔
رونالڈو 184 میچوں میں پرتگال کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس طرح وہ اپنی قومی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے یورپی فٹبالر بن چکے ہیں۔رونالڈو مانچسٹر کے ساتھ چھ سیزن تک رہے، جہاں انہوں نے 292 مقابلوں میں حصہ لیا اور اس کے بعد ریکارڈ 80 ملین پاونڈ میں رئیل میڈرڈ کے ساتھ کنٹریکٹ سائن کیا۔
ہسپانوی دارالحکومت میں رونالڈو نے نو سیزن کے دوران 438 مقابلوں میں 450 گول اسکور کیے اور کلب کے سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی کا خطاب اپنے نام کیا۔کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیرئیر میں اب تک 31 ٹرافیز اپنے نام کر چکے ہیں اور یہ سفر اب بھی جاری ہے۔