زاہدان( ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق ایک بلوچ سماجی کارکن کو قابض ایرانی فورسز نے گزشتہ روز ہفتہ 5 فروری کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ انتظامی کام کے لیے دزاپ (زاہدان) کی انقلابی عدالت جا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایرانی مقبوضہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن صمد ریکی کو قابض ایرانی فورسز نے ایران کے انقلابی عدالت میں کسی انتظامی کام کے سلسلے میں جانے کے بعد گرفتار کر لیا.
صمد ریکی بلوچستان کے معروف سماجی کارکنوں میں سے ایک ہیں جو کہ بنیادی طور پر پہرہ/ایرانشہر کے رہائشی ہیں.
کہا جاتا ہے کہ صمد کو عدلیہ کی جانب سے ایک پرانے کیس میں طلب کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گرفتاری کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ صمد ریکی کی جانب سے سیکیورٹی کی تشویشناک صورتحال اور متعلقہ حکام کی عدم فعالیت پر تنقید کے باعث گزشتہ سال 26 ستمبر کو درجنوں قابض ایرانی فوجی اور فورسز کے اہلکاروں نے تمپ ریکان گاؤں پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن مقامی لوگوں کی مزاحمت کی وجہ سے وہ گرفتاری سے بچ سکے۔ اس پر قابض ایرانی آرمی نے حواس باختہ ہو کر لوگوں پر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر دو شہری زخمی ہوئے۔