زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے شیل اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا ہے۔ اپوزیشن کے حامی حالیہ الیکشن میں دھاندلی کا الزام کرتے ہوئے احتجاج پر اتر آئے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی ہے، جس کی وجہ سے مبینہ طور پر ایک شخص ہلاک بھی ہو گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ہرارے سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کے دن اپوزیشن کے حامیوں نے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا، جو تشدد میں بدل گیا۔ مقامی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ان مظاہرین کو منشتر کرنے کی خاطر تیز دھار پانی برسایا اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔ ان واقعات کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔ ان مظاہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی گئی ہے۔
دوسری طرف پارلیمانی الیکشن کے ابتدائی جزوی نتائج کے مطابق کامیابی حاصل کرنے والی حکمران زانو پی ایف کے صدارتی امیدوار اور نگران صدر ایمرسن منانگاگوا نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد کا راستہ اختیار نہ کریں۔
زمبابوے کی تاریخ کے یہ پہلے الیکشن تھے، جس میں سابق صدر رابرٹ موگابے بطور امیدوار میدان نہیں اترے۔ تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ موگابے کے جانشین ایمرسن دراصل موگابے کی طرح ہی ہیں اور وہ ملک میں تبدیلی نہیں لائیں گے۔