Homeخبریںسردیوں کا موسم قریب آنے سے کرونا وائرس زمین کے شمال کے...

سردیوں کا موسم قریب آنے سے کرونا وائرس زمین کے شمال کے بعض حصوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے: عالمی ادارہ صحت

جنیوا (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں کے انفلوئنزا کا سیزن قریب آنے کے ساتھ ہی کرونا وائرس زمین کے شمال میں بعض حصوں میں پریشان کن رفتار سے پھیل رہا ہے۔

خاتون عہدے دار ماریا وان کیرکوف نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ہمیں بعض ممالک میں تشویش ناک رجحانات دکھائی دینا شروع ہو گئے ہیں۔

ماریا کے مطابق ہسپتال میں داخل ہونے والوں اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ ICU میں موجود افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آ رہا ہے۔ بالخصوص ہسپانیہ، فرانس، جبلِ اسود، یوکرین اور بعض امریکی ریاستوں میں یہ بات باعث تشویش ہے کیوں کہ انفلوئنزا کا موسم ابھی تک نہیں آیا ہے۔

ماریا نے مزید کہا کہ کئی ممالک میں ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں جن کی عمر 15 سے 49 برس کے درمیان ہے ان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت میں ہنگامی حالت کے سینئر ترین ماہر نے کوویڈ 19 سے شدید متاثر افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ انفلوئنزا کے خلاف ویکسین ضرور لیں۔

مودی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے پاس کورونا سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کے اعدادوشمار نہیں۔

وفاقی وزیر صحت ہرش وردھن نے پارلیمان میں بحث کے دورا ن کہا کہ حکومت کے پاس کورونا ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کا ریکارڈ نہیں۔ نائب وزیر صحت اشوونی کمار چوبے کے مطابق ڈاکٹروں کی موت کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے پاس کوئی اعدادو شمار نہیں ہے کیوں کہ یہ ریاست کا معاملہ ہے۔

دوسری جانب بھارت میں ڈاکٹروں کی سب سے بڑی تنظیم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن وزرا کے بیانات پر مشتعل ہوگئی۔آئی ایم اے نے ان 382 ڈاکٹروں کی فہرست جاری کردی جو کورونا وائرس کے دوران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے خود بھی اس وبا کا شکار ہوکر دنیا سے چل بسے۔ ان میں سب سے کم عمر ڈاکٹر 27 برس کے تھے اور سب سے زیادہ عمر رسیدہ ڈاکٹر کی عمر 85 سال تھی۔

Exit mobile version