کولمبو (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں ہونے والے مظاہروں کے دوران منگل کے روز گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سری لنکا میں حکومت مخالف مظاہرے گزشتہ کئی روز سے جاری ہیں تاہم مظاہرین پر براہ راست گولی چلانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
ہسپتال اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی قلت اور ضروری اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے مظاہرین کا ایک بڑا گروپ دارالحکومت کولمبو سے 95 کلومیٹر مشرق میں رامبوکانہ میں جمع ہوا تھا۔
ہجوم نے وہاں پر بطور احتجاج ریلوے لائن کو بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے براہ راست گولیاں چلائیں۔
پولیس کے ترجمان نہال تھلڈوا نے کہا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، لیکن انہوں نے جوابی کارروائی میں پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔
اس پر پولیس نے جواباً فائرنگ کی۔
ان جھڑپوں میں کم از کم 24 افراد زخمی ہوئے ہیں، جس میں متعدد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں کم از کم چار مزید افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
رامبوکانہ میں منعقد ہونے والا احتجاجی جلوس سری لنکا بھر میں ہونے والے بہت سے بے ساختہ اجتماعات میں سے ایک تھا۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 65 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اسی کے بعد ملک بھر میں ان مظاہروں کا آغاز ہوا۔