چهارشنبه, مارچ 11, 2026
Homeخبریںسعودی ائیرپورٹ ابہا پرحوثیوں کاڈرون سے حملہ8سعودی 1انڈین شہری زخمی

سعودی ائیرپورٹ ابہا پرحوثیوں کاڈرون سے حملہ8سعودی 1انڈین شہری زخمی

جدہ (ہمگام نیوز ڈیسک) ہمگام مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی زیرقیادت عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے کہا کہ گزشتہ رات ایک بار پھر حوثی باغیوں نے ابہا کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ جس کے نتیجے میں وہاں موجود کل 9 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب رات 12 بج کر 35 منٹ پر یمن کی ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک بار پھر ابہا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے کے نتیجے میں 8 سعودی شہری اور ایک انڈین باشندہ زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا قریبی اسپتالوں میں علاج ہو رہا ہے۔

اس حملے کے بعد کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز معطل کیے گئے تھے۔ تاہم کلیئرنس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع کر دی گئی جو معمول کے مطابق جاری ہے۔

دُوسری جانب حوثیوں نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ رات کیے جانے والے ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ حوثیوں کے زیر انتظام ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ابہا ایئر پورٹ پر حملہ بقول ان کے انتہائی کامیاب رہا ہے۔

واضح رہے کہ ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ہے۔ جہاں سے روزانہ مختلف ممالک کے ہزاروں شہری سفر کرتے ہیں۔

کرنل المالکی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی رُو سے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ممانعت ہے مگر شورش زدہ یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں موجود مقامی و غیر ملکی باشندوں اور شہری تنصیبات کو ہر دُوسرے تیسرے روز نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ ایک انتہائی غیر اخلاقی اور غیر انسانی حرکت ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز