جدہ (ہمگام نیوز ویب ڈیسک ) اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں آکسفورڈ ایوی ایشن اکیڈمی کی مشرقی شہر الدمام میں واقع شاخ میں سیکڑوں سعودی خواتین نے ہوابازی کی تربیت حاصل کرنے کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔توقع ہے کہ ستمبر کے اوائل میں اس ادارے میں ان کی تربیت کا آغاز ہوجائے گا۔آکسفورڈ ایوی ایشن اکیڈمی تیس کروڑ ڈالرز کے ایک منصوبے کا حصہ ہے۔اس میں طیاروں کی مرمت کے لیے ایک اسکول بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ ہوائی اڈے پر طیارو ں کو پرواز میں مدد دینے کے لیے ایک بین الاقوامی مرکز بھی قائم کیا گیاہے۔اس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عثمان الموطیری نے بتایا ہے کہ ان کے یہاں طلبہ کو تین سالہ تدریسی اور عملی تربیت دی جاتی ہے۔سعودی عرب میں خواتین کے کار چلانے پر عشروں سے عائد پابندی کو گذشتہ ماہ ہی ختم کیا گیا ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وسیع تر جامع اصلاحات کے تحت کیے گئے اس اقدام کا مقصد ملکی معیشت کا رُخ پھیرنا اور خواتین کی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایک ایسے دور میں نہیں رہ رہے ہیں جہاں خواتین کو صرف محدود شعبوں ہی میں کام کرنے کی اجازت ہے۔اب خواتین کے لیے تمام شعبے کھلے ہیں ۔اگر آپ میں کوئی کام کرنے کی تڑپ اور شوق ہے تو پھر آپ میں اس کام کو کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے‘‘۔سعودی عرب میں ہوابازی کی تربیت دینے والے ایک ادارے نے خواتین کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں اور وہاں پہلی مرتبہ سعودی خواتین پائلٹوں کو طیارے اڑانے کی تربیت دی جائے گی ۔