ریاض(ہمگام نیوز) سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں اتوار کی شب ایک بم دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ قطیف کے علاقے العوامیہ میں فوجیوں کی ایک گاڑی گشت کر رہی تھی جب اسے خود ساختہ بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یہ ایک دہشتگرد حملہ تھا۔ مقامی خبر رساں ایجنسی العریبہ کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے فوجی کی سعودی وزارتِ داخلہ نے شناخت ظاہر کر دی ہے اور ان کا نام طارق العلاقی بتایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تیل سے مالا مال سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے کچھ علاقوں میں شیعہ برادری بڑی تعداد میں آباد ہیں اور یہاں ماضی میں سعودی عرب کی سنی بادشاہت کے خلاف کئی احتجاجی تحریکیں دیکھی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں ماضی میں حکومتی فورسز کو بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ اس ماہ کے آغاز میں بھی قطیف میں ایک کار میں دھماکے سے کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2015 میں قطیف میں ایک مسجد میں خودکش دھماکہ بھی کیا جا چکا ہے۔