سه شنبه, اکتوبر 15, 2024
Homeخبریںسعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہیں : یو این...

سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہیں : یو این سلامتی کونسل

نیویارک ( ہمگام نیوز) انٹرنینشل مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے سعودی عرب پر ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے حالیہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

سکیورٹی کونسل نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی کہ یمن کے حوثی باغی ماہ رمضان میں جنگ بندی کے اعلان پر عملدرآمد کریں گے۔

اس کےعلاوہ سکیورٹی کونسل نے بین الاقوامی قوانین بالخصوص شہریوں اور شہری املاک کی حفاظت سے متعلق قوانین پر زور دیتے ہوئے ان کی پابندی کا مطالبہ کیا۔

حوثی باغیوں نے 20 مارچ اور 25 مارچ کو سعودی آئل تنصیبات پر حملے کئے تھے۔ بیس [۲۰] مارچ بروز اتوار جدہ میں آرامکو کی پٹرولیم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی تھی جس پر قابو پالیا گیا۔

اس سے قبل عرب اتحاد نے بحیرہ احمر سے 106 بارود سے بھری ہوئی کشتیوں کو پکڑا جو کہ حدیدہ بندرگاہ کے قریب سے سعودی عرب اور یمنی املاک پر حملوں کے لئے استعمال کی جانی تھی۔

دوسری جانب عالمی سلامتی کونسل نے پیر کے روز ایک اخباری بیان میں یمن میں دو ماہ کے لیے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ یہ جنگ بندی قابل تجدید ہے اور اس کا اعلان یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرونڈبرگ نے جمعے کے روز کیا تھا۔

سلامتی کونسل نے یمن کے حوالے سے منعقد اجلاس کے بعد بیان میں تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی سے حاصل ہونے والے موقع کا فائدہ اٹھائیں اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ اس طرح جامع فائر بندی ، جامع سیاسی تصفیے اور علاقائی استحکام کی بہتری کی جانب قابل ذکر پیش رفت ہو سکے گی۔

سلامتی کونسل نے ریاض میں یمنی فریقوں کے بیچ مشاورت کے لیے خلیج تعاون کونسل کے منصوبے کا بھی خیرم مقدم کیا۔

ادھر یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی نے ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے زیر سرپرستی منعقد ہونے والی ‘یمنی مشاورت’ میں حوثی جماعت کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے یمن کی صورت حال کا جائزہ لینے اور مستقبل پر نظر کرنے کے سلسلے میں اس مشاورت کو ایک “اہم حقیقی موقع” قرار دیا۔

یمنی صدر پیر کے روز ریاستی قیادت کے ساتھ افطار کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے حوثیوں پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ اپنے گرد یمنی عوام کے حال پر نظر کریں جو آٹھویں سال میں داخل ہونے والی اس جنگ کے سبب اندرون اور بیرون ملک مصائب سے دوچار ہیں۔
یمنی صدر نے حوثی جماعت پر زور دیا کہ وہ ایران کے تباہ کن منصوبوں سے دور رہیں اور اپنی وفاداریاں یمن کے لیے وقف کر دیں۔ ہادی نے یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کو سلام پیش کیا جس کی قیادت سعودی عرب کے پاس ہے۔

انہوں نے یمن اور یمنیوں کی خاطر کی گئی تمام کوششوں پر عرب اتحاد کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح ہادی نے خلیج تعاون کونسل کے رکن عرب ممالک کی صدق نیت سے کی گئی تمام کوششوں پر بھی اظہار تشکر کیا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز