یکشنبه, سپتمبر 22, 2024
Homeخبریںسماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیسبک کا نام تبدیل کرنے...

سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیسبک کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن:( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی مقبول ترین سائٹ فیس بک نے اپنا نام بدلنے کا فیصلہ کر لیا ہے، آئندہ ہفتے ایک نئے نام کے ساتھ فیس بک خود کو دوبارہ متعارف کرا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق فیس بک کے بانی مارک زکربرگ 28 اکتوبر کو کمپنی کی سالانہ کانفرنس میں نام کی تبدیلی کے بارے میں اپنی ٹیم سے بات کرنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔

ری برانڈنگ، فیس بک کی سوشل میڈیا ایپ کو ایک پیرنٹ کمپنی کے ماتحت کئی مصنوعات میں سے ایک کے طور پر پیش کرے گی جو انسٹاگرام، واٹس ایپ، اوکولس اور دیگر کی نگرانی کرے گی۔رپورٹ کے مطابق سائٹ کی ری برانڈنگ فیس بک کے نئے پراجیکٹ میٹاورس پر فیس بک کی توجہ کی عکاسی کرے گا.

فیس بک اس وقت دنیا کو مزید پاس لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کر رہا ہے، ٹیکنالوجی کمپنی میٹاورس نامی ورچوئل ریئلٹی پلیٹ فارم کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کے لیے وہ یورپ میں دس ہزار لوگوں کو بھرتی کرے گی۔

میٹاورس وہ ٹیکنالوجی ہے جسے انٹرنیٹ کے مستقبل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرف سے دوسری بڑی ایجاد میٹاورس ہو گا جو ابھی محض تصور کے طور پر موضوع بحث ہے۔

نئی ایجاد کے بعد کمپیوٹر استعمال کرنے کے بجائے میٹاورس کی ورچوئل دنیا میں جانے کے لیے آپ کو ایک ہیڈسیٹ استعمال کرنا ہو گا اور اس سے آپ تمام ڈیجیٹل انوائرنمنٹس سے رابطہ قائم رکھ سکیں گے۔میٹاورس ایک آن لائن دنیا ہوگی جہاں لوگ وی آر ہیڈ سیٹ کے ذریعے ورچوئل ماحول میں گیم کھیلنے کے علاوہ وہاں کام اور بات چیت کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز