سوراب (ہمگام نیوز) سوراب اورگردونواح میں قحط سالی نے پنجے گاڑلیئے ،کئی عرصوں سے بارشیں نہ ہونے کے باعث زمیندار،مالدارطبقہ سمیت اہلیان علاقہ مشکلات کاشکار۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دیگرعلاقوں کی طرح تحصیل سوراب کے علاقے گدر،مولی ،ماراپ ،جیوا،لاکھوریاں ،شہدازئی آڑچنوبھی اس وقت شدید قحط سالی کی لپیٹ میں ہیں ،کافی عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث زیرزمین پانی کی سطح خطرناک حدتک گرچکی ہے جبکہ چراگاہیں خشک ہونے کی وجہ سے مالدارطبقہ بھی سخت مشکلات کاشکارہے،چونکہ علاقہ کے لوگوں کازریعہ معاش زراعت اورگلہ بانی کے شعبوں پر منحصرہے مذکورہ دونوں شعبے قحط سالی کی وجہ سے شدید متاثرہوچکے ہیں،زمینداراورمالدارطبقہ اس وقت نان شبینہ کامحتاج اوراپنے خاندانوں کی کفالت کے لیئے مصائب کاسامناکررہے ہیں ،کئی علاقوں میں قحط سالی کی وجہ سے زیرزمین پانی کی سطح گرنے کے باعث مکینوں کوپینے کاپانی تک میسرنہیں جس کی وجہ سے وہ نقل مکانی کررہے ہیں،یہاں کے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیاہے کہ وہ علاقہ کوآفت زدہ قراردیکرمتاثرہ زمینداراورمالدارطبقہ کی معاشی پریشانیوں کاازالہ ہو۔


