جمعه, اکتوبر 4, 2024
Homeخبریںطالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں، 57 افغان سیکیورٹی اہلکار جاںبحق،...

طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں، 57 افغان سیکیورٹی اہلکار جاںبحق، متعدد طالبان ہلاک

 

کابل (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان فوج اور طالبان کے درمیان ہونے والے جھڑپوں میں 57 افغان فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد طالبان بھی مارے گئے۔

افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے میں پولیس اور افغان فوج کے اہلکار شامل ہیں۔

افغان حکام کے مطابق طالبان نے صوبے بلخ، قندھار، تخار اور کپیسا صوبوں کے علاقوں میں افغان فورس کے مختلف چیک پوسٹوں پر حملے کیے۔

حکام کے مطابق طالبان اور افغان فورس کے درمیان یہ جھڑپیں گھنٹوں تک جاری رہیں۔

جوابی کارروائی میں طالبان کو بھی جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور تقریباً 80 جنگجو مارے گئے ہیں، تاہم طالبان نے اپنے ساتھیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

افغان صوبے قندوز میں طالبان کے ٹھکانے پر افغان فورسز نے فضائی حملوں کے دوران 40 جنگجوؤں کی ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں عام شہری جاں بحق ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں پُرتشدد کارروائیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الافغان مذاکرات کے فریقین پر تشدد میں کمی کرنے پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہونے والے بین الافغان مذاکرات سے قبل افغان حکومت نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذاکرات میں فریقین کسی ایجنڈے پر ابھی تک فیصلہ نہیں کرسکے ہیں جس کی وجہ سے مذاکرات کا عمل سست روی کا شکار ہے جب کہ حالیہ خون آشام جھڑپوں سے مزید مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

افغان مفاہمتی عمل سے متعلق سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت افغان حکومت اور طالبان کے درمیان حالیہ مفاہمتی کوششوں کا جائزہ لیتی رہی ہے۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ہم افغان مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، افغانستان میں تشدد کم کرنے، امن و استحکام لانے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

سعودی عرب افغانستان اور افغان عوام کی خواہشات پوری کرنے کے لیے ان کے ساتھ تھا اور ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز