ریاض (ہمگام نیوز) سعودی عرب نے عمانی اداکار طالب البلوشی کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ بھارتی فلم “دی گاٹ لائف” میں کفیل کا کردار ادا کرنے پر کیا گیا ہے، جسے سعودی عوام اور حکام نے توہین آمیز اور حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طالب البلوشی نے “دی گاٹ لائف” میں ایک کفیل کا کردار ادا کیا جو سعودی عرب کے سفاک نظام کفالت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کردار پر شدید تنقید کے بعد سعودی حکومت نے انہیں ملک میں بلیک لسٹ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فلم میں ادا کیے گئے کردار نے سعودی عرب کے بین الاقوامی تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، جس کے باعث طالب البلوشی کے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے بعد عمانی اداکار کے سعودی عرب میں کسی بھی قسم کی تفریحی سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ طالب البلوشی کو اس سے قبل بھی کفیل کے کردار کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان پر مختلف حلقوں کی جانب سے حملے بھی ہوئے تھے، جس پر اداکار نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ انہوں نے حقیقت پر مبنی کہانی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کردار کو ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ ان پر حملے کرنے کے بجائے لوگوں کو اپنی سوچ اور نقطہ نظر کو تبدیل کرنا چاہیے۔
فلم کے حوالے سے سعودی عوام میں پائے جانے والے غم و غصے اور اس کے ممکنہ سفارتی اثرات پر مبصرین کی نظریں مرکوز ہیں، کیونکہ یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔