چهارشنبه, اکتوبر 30, 2024
Homeخبریںفرانس: سیاسی پناہ کے درخواست کیلئے ٹیلی فون ہیلپ لائن۔

فرانس: سیاسی پناہ کے درخواست کیلئے ٹیلی فون ہیلپ لائن۔

پیرس(ھمگام نیوز ) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں سیاسی پناہ کے خواہش مند افراد کو اب اپنی پناہ کی درخواستیں دائر کرنے سے قبل ایک سرکاری ٹیلی فون ہیلپ لائن کے ذریعے خود کو رجسٹر کرانا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ ٹیلی فون ہیلپ لائن فرانس کے قومی دفتر برائے مہاجرت اور سماجی انضمام کے زیر انتظام کام کرے گی۔ ’فرنچ آفس فار امیگریشن اینڈ انٹیگریشن‘ یا او ایف آئی آئی کے سربراہ ڈیڈیئر لَیشی نے یورپ میں مہاجرین کے حوالے سے اطلاعات سے باخبر رکھنے والے ادارے انفو مائیگرینٹس کو بتایا، ’’ہم در‌خواستوں کی وصولی کی بکنگ کے لیے ایک ٹیلی فون نظام قائم کر رہے ہیں۔‘‘ یہ ہیلپ لائن تین مختلف زبانوں یعنی عربی، فرانسیسی اور انگریزی میں کام کرے گی۔

اس سے قبل تارکین وطن اپنی پناہ کی درخواستیں مختلف تنظیموں کی جانب سے چلائے جانے والے ’پاڈا‘ دفاتر یا پھر ’گوڈا‘کے ذریعے دائر کرتے تھے۔

تارکین وطن کے لیے حکام سے ملاقات کے وقت کی بکنگ کے اس نظام میں قباحت یہ ہے کہ پیرس کے ارد گرد قائم ’پاڈا‘ کے دفاتر سبھی مہاجرین کی طرف سے درخواستیں دائر کرنے سے قاصر ہیں اور تارکین وطن کی قطاریں طویل تر ہوتی جا رہی ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ کہ درخوست دائر کرنے کے سینکڑوں خواہش مند خواتین و حضرات کو سڑکوں پرسونا پڑ رہا ہے۔ اس ہیلپ لائن کے ذریعے اپائنٹمنٹ لینے کا مقصد ’پاڈا‘ کے دفاتر کے باہر انتظار کرنے والے مہاجرین کی تعداد کو کم کرنا ہے۔

پیرس میں ’پاڈا‘ کا نظام چلانے والی تنظیم ’ تَیغ دا زِیل‘ کا موقف ہے کہ اس ہیلپ لائن کا نظام تارکین وطن کے لیے ضرورت سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ اس تنظیم کے سربراہ پیئر ہینری نے انفو مائیگرینٹس کو بتایا کہ یہ نظام معاملات کو مہاجرین کے لیے آسان نہیں بلکہ مشکل بنا دے گا۔ انہوں نے کہا، ’’میں نہیں سمجھتا کہ ٹیلی فون ہیلپ لائن مہاجرین کی ان کے حقوق تک رسائی کے لیے کوئی اچھا ماڈل ثابت ہو گی۔‘‘

پیئر ہینری کا کہنا تھا کہ پناہ کی درخواستیں دائر کرنے کے کسی بھی اصلاح شدہ نظام کو رہائش کے مسئلے پر بھی ضرور بات کرنا چاہیے جبکہ اس ہیلپ لائن کی صورت میں ابتدائی بکنگ اور رہائش کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی باہمی ربط موجود ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز