منیلا (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق فلپائن کے جنوبی حصے میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں کل 85 افراد سوار تھے ان میں 40 افراد کع بچا لیا گیا ہے جبکہ باقیوں کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلپائن فوج کے سربراہ جنرل سری لیتوسوبیجانا نے اتوار کو کہا ہے کہ ایک فوجی طیارہ جس میں 85 افراد سوار تھے، ملک کے جنوب میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ فوجی سربراہ نے بتایا کہ سی 130 طیارہ صوبہ سولو میں واقع جزیرہ جولو میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کرتباہ ہو گیا۔
فوجی سربراہ نے مزید میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ طیارے کے جلتے ہوئے ملبے سے اب تک 40 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو سروس اس وقت طیارے کے ملبے کے قریب ہے اور ہم دعا کر رہے ہیں کہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔
خیال رہے کہ فلپائن کے جنوبی علاقے میں فوج کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جہاں عسکریت پسند گروپ سرگرم ہیں جن میں اغواء برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث ابو سیاف بھی شامل ہے۔


