پروم (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق قابض ایرانی فورسز نے گولڈ سمتھ لائن پر ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے حدود میں تیل کے کاروبار سے منسلک افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے گولیوں کی زد میں آکر 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے اس واقعے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم بڑی تعداد میں شدید زخمی افراد ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
فائرنگ کا واقعہ ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے علاقے حق آباد میں پیش آیا جو پاکستانی مقبوضہ بلوچستان کے علاقے پروم سے متصل ہے۔
گولڈ سمتھ لائن کے دونوں اطراف رہنے والے بلوچ تیل کے کاروبار سے منسلک ہیں جن سے دونوں قابض افواج ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ وصول کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کو باعزت طریقے سے کاروبار نہیں کرنے دیا جاتا اور آئے روز پاکستان و ایران کی قابض و خون خوار افواج کے ہاتھوں گولیوں کا نشانہ بنتے ہیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک کی شناخت ہوگئی ہے جس کا نام صاحب انس ولد رسول بخش بتایا جاتا ہے جس کا تعلق حق آباد سے ہی ہے۔