Homeخبریںقندوز کے ضلع پر افغان طالبان کا قبضہ

قندوز کے ضلع پر افغان طالبان کا قبضہ

کابل(ہمگام نیوز)کابل سے اتوار اکیس جون کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں میں قندوز کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طالبان شدت پسند آج اتوار کو چہار درہ پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ چہار درہ میں عسکریت پسندوں کی مقامی سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی جمعے کے روز شروع ہوئی تھی۔اسی دوران قندوز میں صوبائی پولیس کے سربراہ کے ترجمان سید سرور حسینی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ چہار درہ نامی ضلعے کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے اضافی دستوں کو اس علاقے کی طرف سے روانہ کرنے کے بعد وہاں ایک بڑا سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گی‍ا ہے۔قندوز کی صوبائی کونسل کے سربراہ یوسف ایوبی کے مطابق اس ضلع کے طالبان کے کنٹرول میں آ جانے کے بعد وہاں سے مقامی باشندوں نے محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہونا شروع کر دیا ہے۔دوسری طرف افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ای میل بیان میں چہار درہ پر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس لڑائی کے دوران مقامی سکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔اس بارے میں ایسوسی ایٹڈ پریس نے مزید لکھا ہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں جب سے نیٹو کے بین الاقوامی جنگی دستے افغانستان سے رخصت ہوئے ہیں، وہاں طالبان کے حملوں میں کافی تیزی آ چکی ہے اور افغان فوج اور پولیس کو عسکریت پسندوں کے ہاتھوں پہنچنے والے جانی نقصان میں بھی واضح اضافہ ہو چکا ہے۔

دیگر رپورٹوں کے مطابق قندوز پولیس کے سربراہ صبور نصرتی نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ چہار درہ پر قبضے کے لیے ہونے والی لڑائی میں دو دنوں کے دوران تین سکیورٹی اہلکار اور کم از کم 17 طالبان حملہ آور مارے گئے۔ انہوں نے بھی کہا کہ اس ضلع میں افغان دستوں کی طرف سے بڑا جوابی آپریشن شروع ہوچکا ہے۔

Exit mobile version