کراچی(ہمگام نیوز) سول سوسائٹی نے پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ کے باہر گیارہ روز سے ا حتجاج پر بیٹھے لاپتہ افراد کے ورثاءسے اظہار یکجہتی کے لیے جمعرات کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی قیادت ایچ آر سی پی کی انیس ہارون، اسد اقبال بٹ، پائلر کے کرامت علی ،شیما کرمانی،نغمہ اقتدار اور عابدہ علی و دیگر نے کی۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے و مطالبات درج تھے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں جبری گمشدگیوں کا معاملہ ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے ، احتجاج پر بیٹھے لاپتہ افراد کے پر امن ورثاءکے خلاف ایف آئی آر ،مقدمات کا اندراج اور کچھ مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے ، حکومت اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔مظاہرین کا کہنا تھا آئین پاکستان کا آرٹیکل 10ہر شہری کو فری ٹرائل کی ضمانت دیتا ہے ،لاپتہ افراد پر اگر کسی جرم کا الزام ہے تو انھیں قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے ،لاپتہ افراد کے ورثاءکے خلاف درج ایف آئی آر خارج کی جائیں۔


